بنگلورو 6 جون (ایس او نیوز) کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ میں مسافروں کی نقل و حمل میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ شہر کے مختلف مقامات سے ایرپورٹ پہنچنے کیلئے لوگوں کو ٹریفک کی وجہ سے کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اسی لئے ناگوار سے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ساتھ ہی ایرپورٹ ٹرمینل تک میٹرو ٹرین سرویس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے ایرپورٹ سے ٹرمینل تک سفر کرنے والے مسافروں کا جو وقت ضائع ہوتا ہے وہ بچ جائے گا ۔ اس کے علاوہ مسافروں کو ٹرمینل سے باہر آکر کیب یا بس کیلئے انتظار کرنا نہیں پڑے گا ۔ ایرپورٹ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق ہوائی جہاز میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں توقع سے زیادہ اضافہ ہورہا ہے ۔ 2017-18 کے مالی سال میں کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ذریعہ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد تقریباً 2.69 کروڑ ہے ۔ اگلے سال میں اس کی تعداد 3 کروڑ تک تجاوز ہونے کا امکان ہے ۔ اس لئے ایرپورٹ کے مسافروں کو شہر پہنچنے کیلئے درپیش پریشانی دور کرنے کی غرض سے حکومت نے ایرپورٹ میٹرو منصوبہ تیار کرلیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی میٹرو کو راست طور پر ٹرمینل تک رابطہ فراہم کرانے کا منصوبہ ایرپورٹ اتھارٹی کے زیر غور ہے ۔ اتھارٹی کے افسران کا کہنا ہے کہ ایرپورٹ کیلئے میٹرو سرویس فراہم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس سے مسافروں کو نہ صرف ایرپورٹ بلکہ ٹرمینل تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔ اس کے علاوہ میٹرو ٹرین ریچ۔4 پروجیکٹ کے مطابق گوٹیگیرے سے ناگوار تک میٹرو ٹرین سرویس فراہم کی جائے گی ۔ میٹرو ریچ ۔ 3 جئے دیوا اسپتال انٹرچینج اور ایم جی روڈ انٹرچینج کے ذریعہ گوٹیگیرے سے ناگوار سے میٹرو ٹرین سرویس رہے گی ۔ ناگوار سے کنور کے ذریعہ کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ کو میٹروٹرین سرویس کی سہولت فراہم کرنے کے لئے 2017اکتوبر میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کی قیادت والی کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا ۔ ناگوار ۔ کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ کے درمیان والے روٹ کا تعمیری کام 2021 سے شروع ہوجائے گا اس کے لئے درکار مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایرپورٹ کے احاطے میں ہی میٹرو اسٹیشن قائم ہوگا ۔ وہا ں سے ٹرمینل تک مسافر میٹرو کاہی استعمال کرسکتے ہیں ۔